اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سابق وزیراعظم عمران خان کو( آج) جمعرات تک پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے کہا کہ اگر عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ضمانت مسترد کردی جائیگی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کبھی تھریٹ ہے،کبھی ٹانگ میں درد ہے،4 پیشیوں پر حاضر نہیں ہوئے، یہ آرڈر لےکرکوئی اور ملزم بھی آئےگا کہ یہ مثال موجود ہے۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 9 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عمران خان کل لاہور ہائی کورٹ میں خود پیش ہوئے ، عمران خان کو شام 5 بجے علم ہوا کہ کچھ غلط ہوا ہے،عمران خان کو کل شام 7 بجے ٹانگ پر سوجن ہوئی تو شوکت خانم اسپتال جانا پڑا، رات 11 بجےکے بعد میڈیکل سرٹیفکیٹ اور صبح ایکسرے میرے پاس آیا۔چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ آپ عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور انویسٹی گیشن بھی جوائن نہیں کی، اگرہم حاضری کوچھوڑبھی دیں تو شامل تفتیش نہ ہونےکا کیا کریں؟ آپ مجھے بتائیں کہ ہم کیا کریں؟ آپ میڈیکل رپورٹ بھی پرائیویٹ اسپتال کی دے رہے ہیں۔