• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، لاکھوں کی آبادی کیلئے صرف 3 فائر اسٹیشنز، فائر فائٹرز ڈیلی ویجز پر

کوئٹہ(نسیم حمید یوسفزئی/اسٹاف رپورٹر) فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ میں کوئی تقریب منعقد کی جا سکی نہ ہی اس شعبے کی اہمیت کے پیش نظر اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا سکا ہے۔ فائر فائٹنگ کا شعبہ آتشزدگی سے ہونیوالے نقصانات سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہے۔رپورٹ کے مطابق چار مئی کو دنیا بھر میںفائر فائٹرز کا عالمی دن منایا گیا مگر کوئٹہ میں اس شعبے کی اہمیت کو یکسر نظرانداز کردیاگیا نہ ہی کوئی تقریب منعقد کی گئی، لاکھوں کی شہری آبادی کے لیے کوئٹہ میں صرف 3 فائر اسٹیشنز ہیں۔ ایک فائراسٹیشن باچاخان چوک کے قریب واقع ہے جبکہ دو فائر اسٹیشن کواری روڈ اور ڈبل روڈ پر واقع ہیں، جبکہ ایک فائر اسٹیشن کینٹ بورڈ کی حدود شہباز ٹاؤن میں ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف فائر آفیسر عبدالحق نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری حدود میں قائم ان 3 فائر اسٹیشنوں میں 21 فائر فائٹرز اور100ڈیلی ویجز پر رکھے ہوئے ہیں جن کو تین ماہ کا کنٹریکٹ دیا جاتا ہے اور پھر اس کی تجدید کر دی جاتی ہے ۔ہم نے اعلیٰ حکام کو ان ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کیلئے لکھا ہے۔ ہم نے ان ڈیلی ویجز ملازمین کی بہترین تربیت کی ہوئی ہے یہاں سے کئی فائر فائٹرز دیگر شعبوں کو جوائن کر چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ عملے کی تعداد بہت کم ہے جبکہ فائر اسٹیشن بھی آبادی اور رقبے کے اعتبار سےکم ہیں کوئٹہ کے علاوہ ارد گرد کے علاقوں میں بھی ہم آگ بجھانے کیلئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں صرف 3 فائر اسٹیشن ہیں، ہم نے مزید 2 فائر اسٹیشن کا مطالبہ کر رکھا ہے جس پر عملدرآمد ہونا باقی ہے۔
کوئٹہ سے مزید