نئی دہلی (اے ایف پی) بھارتی حکام نے شمال مشرقی خطے میں نسلی فسادات کے دوران 6افراد کی ہلاکت کے بعد ریاست منی پور میں سیکڑوں فوجی اہلکار تعینات کردیئے، ریاست میں کرفیو نافذ، انٹرنیٹ کی سہولت بند کردی گئی۔ فوج کو میانمار کی سرحد سے ملحقہ ریاست منی پور میں اس وقت تعینات کیا گیا ہے جب ایک روز قبل قبائلی گروہوں کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج پرتشدد شکل اختیار کرگیا تھا۔ منی پور کے ایک وزیر آوانگبو نیمائی نے بتایا کہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، صورتحال کشیدہ مگر قابو میں ہے، انہوں نے 6 ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی۔ ریاستی گورنر نے جمعرات کے روز پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی جاری کردیا۔ بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقوں سے ساڑھے 7 ہزار افراد کو منتقل کیا ہے۔ نسلی گروپ میتئی کی جانب سے حکومت کی شیڈول ٹرائپ کیٹگری میں شامل کئے جانے کے مطالبے کیخلاف دیگر قبائلی گروہوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔