کوئٹہ(پ ر)آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے کوئٹہ کراچی روٹ پر ٹرانسپورٹروں کے ساتھ انتظامیہ کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ گزشتہ رات خضدار سے لسبیلہ روٹ پر رات کے وقت مسافر گاڑیوں کو بلاجواز طریقے سے روک کر توڑ پھوڑ کی گئی۔مسافر کوچز اور وین وغیرہ کی بتیاں اور شیشے توڑے گئے۔ڈرائیوروں کو زدو کوب کیا گیا مسافروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اور یہ سب کچھ خضدار کے چند ضلعی افسران کی ایما پر کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ تمام تر عمل اور واقعات بلوچستان اور خصوصا کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹرانسپورٹرز کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔ترجمان کے مطابق مختلف ادارے اور ضلعی انتظامیہ خضدار کے چند افسران چیکنگ کے نام پر مسافر کوچز اور وین وغیرہ کو روک کر بلا جواز تنگ کرتے ہیں اور مسافروں کی تذلیل کرتے ہیں۔ کچھ غیر قانونی نہ ملنے پر روٹ پرمٹ وغیرہ بھی طلب کرتے ہیں جو ان کے دائرہ اختیار میں بھی نہیں ہے اور یقیناً ٹرانسپورٹرز اپنے روٹ پرمٹ وغیرہ ہر گاڑی کے ڈرائیور کو تو نہیں دے سکتے۔ ترجمان کے مطابق یہ تمام تر معاملات اور تشدد کے واقعات ٹرانسپورٹرز کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ بھی ان کے خلاف راست اقدام اٹھائیں جس کی تمام تر ذمہ داری ان ضلعی انتظامیہ کے افسران پر عائدہوگی۔ ترجمان کے مطابق آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اس حوالے سےجلد اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔