• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سپریم کورٹ، پاکستان بار تنازع‘، ایگزیکٹو کمیٹی فیصلہ پر حکم امتناع جاری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے تنازع سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا ہے جبکہ پاکستان بار کونسل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزیدسماعت منگل 9مئی تک ملتوی کردی۔دوران سماعت جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ ڈی سیٹ ہو نیوالوں نے معاملات آگے کسی اور کو تفویض نہیں کیے، اسٹیٹس کو برقرار رکھتے ہیں، عدالت نے کہا کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ ہوگا ،بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دو رکنی خصوصی بینچ نے جمعہ کے روزپاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری مقتدر اختر شبیر اور ایڈیشنل سیکرٹری ملک شکیل اعوان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کاتکب قرار دیتے ہوئے ان کے عہدوں سے ’’ڈی سیٹ ‘‘کرکے فنانس سیکر ٹری حفظہ ابراربخاری کو قائم مقام سیکرٹری مقرر کرنے کے خلاف آئین کے آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی تودرخواست گزاروں (سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری مقتدر اختر شبیر اور ایڈیشنل سیکرٹری ملک شکیل اعوان )کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری اور دیگر عہدیدار پیش ہوئے ، جسٹس عائشہ ملک نے کہاکہ کیا پاکستان بار کونسل کو سپریم کورٹ بار کے عہدیداروں کو ڈی سیٹ کرنے کا اختیار حاصل ہے؟ جسٹس محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ شوکاز نوٹس کون جاری کرتا ہے؟ تو عابد ایس زبیری نے بتایا کہ پاکستان بار کونسل کی انضباطی کمیٹی جاری کرتی ہے، لیکن اس معاملہ میں ایگزیکٹو کمیٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے ،انضباطی کمیٹی بھی شکایت وصولی کے بعد نوٹس جاری کرتی ہے، یہاں تو شکایت ہی نہیں ہوئی، یہ نوٹس غیر قانونی ہے ،جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ جن کو ڈی سیٹ کیا گیا ہے ،انہوں نے آگے معاملات کسی اور کو تفویض تو نہیں کیے ہیں ، ہم اسٹیٹس کو برقرار رکھتے ہیں، لیکن جو ڈی سیٹ ہوگئے ہیں وہ دوبارہ جوائن نہیں کرسکتے ہیں،جس پر عابد ایس زبیری نے اعتراض کیا کہ اگر آپ ’’ اسٹیٹس کو‘‘ برقرار رکھتے ہیں تو پاکستان بار کونسل فنانس سیکریٹری حفظہ بخاری کوسیکرٹری کا چارج سنبھالنے کا حکم دے چکی ہے۔
اہم خبریں سے مزید