• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹ ٹیم 48 گھنٹے میں عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم، آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ سے شکست

کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستانی کرکٹ ٹیم 48گھنٹے میں عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور ٹاپ رینکنگ سے دو دن میں محروم ہوگئی۔نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سوئپ کا خواب چکنا چور ہوگیا اور پاکستان کو پانچویں ون ڈے انٹر نیشنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بیٹنگ لائن میں ناکامی کے بعد47رنز سے شکست ہوئی اور پاکستان کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہونا پڑا تھا۔جمعے کی شب پاکستان نے چوتھا میچ جیت کر نمبر ایک پوزیشن حاصل کی تھی۔اتوار کی شب میچ ہارنے کے بعد آسٹریلیا پہلے،بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا اس سے قبل انگلینڈ بھی تین دن کے لئے پہلے نمبر پر رہ چکی ہے۔ البتہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز چار ایک سے جیت لی۔ افتخار احمد نے ون ڈے میں پہلی نصف سنچری بنائی لیکن وہ پاکستان کو ہار سے نہ بچاسکے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کو پاکستانی ٹیم300رنز کے ہدف کے تعاقب میں 252رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ افتخار احمد نے94ناٹ آوٹ رنز72گیندوں پر دو چھکوں اور8چوکوں کی مدد سے بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے شپلی نے34اور رویندرا نے65رنز دے کر تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا۔شان مسعودسات رنز بناکر ہنری کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کپتان بابر اعظم اپنے ایک سوویں ون ڈے انٹر نیشنل کو یادگار نہ بناسکے۔ وہ ایک رن بناکر شپلی کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ محمد رضوان نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن وہ اس پوزیشن پر دوسرے میچ میں بھی ناکام ہوگئے۔ 9رنز پر انہیں شپلی نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ فخر زمان نےاپنے انداز سے ہٹ کر سست بیٹنگ کی۔ وہ64گیندوں پر33رنز بناکر رویندرا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔ 19ویں اوور میں 66رنز پر چار وکٹ گر گئے۔ سلمان آغا کا چار رنز پر سوڈھی نے اپنی گیند پر کیچ ڈراپ کیا۔ اس کے بعدانہوں نے نصف سنچری46گیندوں پر مکمل کی۔ سلمان آغا 57رنز ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے بناکر شپلی کی گیند پر کیچ ہوئے۔ سلمان آغا اور افتخار احمد نے97رنز کی شراکت میں پاکستانی بیٹنگ کا استحکام دیا۔ شاداب خان نے14رنز بنائے۔ اسامہ میر نے20رنز کی اننگز کھیلی۔اس سے قبل ایک موقع پر نیوزی لینڈ بڑے اسکور کی جانب گامزن تھی لیکن آخری پانچ اوورز میں36رنز پر پانچ وکٹ گر گئے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےتین گیندیں پہلے299رنز پر آوٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے حیران کن طور پر پہلے دو میچوں میں دو سنچریاں بنانے والے ڈیرل مچل کو آرام دیا۔ پاکستان نے2018کے بعد پہلی بار دو لیگ اسپنرز شاداب خان اور اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا۔ بولیوایو میں آخری بار یاسر شاہ اور شاداب خان کھیلے تھے۔نیوزی لینڈ کی اننگز میںاوپنر ول ینگ نے سب سے زیادہ87رنز91گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میںدو چھکے اور8چوکے شامل تھے۔ کپتان ٹام لیتھم نے58گیندوں پر59رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ مارک چیپ مین جو خطرناک دکھائی دے رہے تھے وہ43رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔ چیپ مین نےدو چھکے اور پانچ چوکے مارے۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 7.3اوور میں 32رنز پر اس وقت گری جب نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام بلنڈل 22گیندوں پر15رنز بنا کر محمد وسیم کے ہاتھوں واپس پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد ہنری نکلس آؤٹ ہوئے، انہوں نے 23رنز بنائے۔

اسپورٹس سے مزید