راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ٹریفک پولیس کی لائسنسنگ برانچ میں ٹرانس جینڈرز کی سہولت کیلئے الگ کاؤنٹر بنا دیا گیا۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن‘ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کی ہدایات پر جدید سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ خواجہ سراؤں کے حقوق کیلئے سرگرم صباء گل نے اپنا لرنر پرمٹ حاصل کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سے انکی حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ معاشرے میں باعزت روزگار بھی حاصل کر سکیں گے۔ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر خلق خدا کی خدمت ہر صورت یقینی بنائیں گے۔