پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ سینیٹر پیر سید صابر شاہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی بیرونی ایجنڈے پر ملک کو کمزور کرنے کے لئے فارن فنڈنگ سے ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔ آئین و قانون کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں کو تشدد پر اکسایا جا رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز پر پٹرول بموںسے حملے کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی پر اقتدار کا بھوت سوار ہے اقتدار کی ہوس کے لئے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے اور سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے مارشل لا کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور حکومت کی لوٹ مار سے ملک معاشی بحران سے دو چار ہو چکا ہے جبکہ عمران نیازی کی فسادی سیاست سے معاشی بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ مسلم لیگ کے قائد میاں محمدنواز شریف کے دور حکومت میں عمران نیازی کے دھرنوں کے باوجود ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا۔ لوڈشیڈنگ و دہشت گردی کاخاتمہ کیا گیا۔ کروڑوں طلبا و نوجوانوں کو لیب ٹاپ اور سکالرشپ دیئے گئے بے روزگاروں کو گاڑیاں دی گئیں موٹر ویز و شاہراؤں کا جا بچھایا گیا غربت بدحالی و بے روزگاری کے خاتمے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے سی پیک معاہدہ کیا گیا اور اس پر تیزی سے پیش رفت کو یقینی بنایا گیا۔ بھارت کے جارحانہ عزائم کے سامنے بندباندھنے اور پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے عالمی قوتوں کے دباؤ اور اربوں ڈالرز کی پیشکش کو ٹھکرا کر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا گیاجبکہ عمران نیازی کے دورمیں مافیا کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دی گئی۔ آٹا و چینی برآمد کر نے سے ملک میں آٹے و چینی کا بدترین معاشی بحران پیدا ہوا جبکہ بحران میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ آٹے و چینی برآمد کرنے پر بھی اربوں روپے کمائے گئے اور بحران پیدا ہونے پر گندم و چینی درآمد کرنے پر بھی اربوں روپے کمائے گئے۔ اربوں روپے لوٹنے والے لٹیروں کا احتساب کرنے اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کروانے کی بجائے لٹیروں کو این آر او دے دیا گیا۔ بی آر ٹی بلین ٹریز و مالم جبہ سکینڈل میں اربوں روپے کی کرپشن کرنےوالوں کی سرپرستی کی گئی۔ نفرت پھیلانے کے لئے سیاستدانوں کو گالیاں دی گئیں سیاسی رہنماؤں کے خلاف انتقام کی تمام حدیں پھلانگی گئیں۔ امریکہ کی خوشنودی کے لئے سی پیک پر کام بند کروا دیا گیا۔ اقتدار سے محروم ہونے پر ملک کو دیوالیہ کرنے کے لئے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کیا گیا۔ میڈیا کے خلاف انتقام کی تمام حدیں پھیلانگی گئیں جس سے ملک میں پچیس ہزار سے زائد صحافی بے روزگار ہوئے ۔ پیر سیدصابر شاہ نے کہا کہ اقتدار سے محروم ہونے پر امریکی سازش کا ڈرامہ رچایا گیا جبکہ اب امریکہ کو تابعداری اور وفاداری کا یقین دلایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن بھی فسادی سیاست قربانی کا بکرا بننے کے لئے تیار نہیں ۔