• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج کی عمران کو وارننگ، چیئرمین PTI نے بغیر ثبوت حاضر سروس فوجی افسر پر الزام عائد کیا، قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) ترجمان پاک فوج نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے انٹلیجنس ایجنسی کے اعلی افسر پر الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدنیتی پر مبنی من گھڑت الزام انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے، جھوٹے الزامات کا سلسلہ بند کیا جائے، پاک فوج بدنیتی پر مبنی بیانات اور پراپیگنڈہ کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے یہ ایک مستقل طرز عمل بن گیا ہے جس میں فوجی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اشتعال انگیز اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عمران خان نے بغیر کسی ثبوت کے ایک حاضر سروس سینئر فوجی افسر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متعلقہ سیاسی رہنما سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قانونی راستہ اختیار کریں اور جھوٹے الزامات لگانا بند کریں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ من گھڑت، بدنیتی پر مبنی الزام انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارہ واضح طور پر جھوٹے، غلط بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال وزیر آباد میں پی ٹی آئی سربراہ پر قاتلانہ حملے کے بعد عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور ایک سینئر انٹیلی جنس اہلکار کو ان کے قتل کی کوشش کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔تاہم پی ٹی آئی چیئرمین نے کوئی ثبوت نہیں دیئے۔ گزشتہ ہفتے کے روز اعلیٰ عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی کے درمیان چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال سے اظہار یکجہتی کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف شہروں میں نکالی گئی احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور ایک حاضر سروس اعلیٰ فوجی افسر پر سخت تنقید کی تھی۔

اہم خبریں سے مزید