• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اداروں کو بدنام کرنیکی ہر حد عبور کرچکے، مخدوم احمد محمود

لاہور(اپنے نامہ نگارسے) سابق گورنر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ فتنہ عمران خان اداروں کو بدنام کرنیکی ہر حد کو عبور کرچکے، اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے عمران خان کا حقیقی چہرہ بےنقاب کر دیا یہ بات انہوں نے مخدوم ہاؤس لاہور میں ملتان اور بہاولنگر سے آئے پارٹی عہدیداران کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین بھی موجود تھے۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ بھارت کامیاب ترین تھا، وزیر خارجہ نے بھارت کے اندر اس کی مکاری کو بےنقاب کر دیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان دشمن ملک سے زیادہ آج پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، پاک فوج کیخلاف بھی پروپیگنڈا کر رہے ہیں،قومی ادارے کی عزت و وقار کو خاک میں ملانا ان کا ایجنڈا ہے، قوم ایک صف ہو کر پاکستان کیخلاف فتنہ عمران کی جارحیت کیخلاف یکجا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے 2014 میں بھی چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے دھرنا دیا تھا۔ان کی سیاست اب عوامی مفادات کیخلاف ہےانہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ عدلیہ قانون سازی کا حق سلب نہیں کرسکتی، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تناو ختم کرنے کی کوشش کو کمزوری سمجھا گیا حکومت ایک قدم پیچھے ہٹی ہے تو سپریم کورٹ دو قدم مزید آگے بڑھ گئی، بحران کے حل کیلئے سب کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا تمام جمہوری قوتیں پارلیمنٹ کی پشت پر کھڑی ہیں، آئین کا تحفظ ہر حال اور صورت ممکن بنایا جائیگا۔
لاہور سے مزید