• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربوں کی کرپشن، عمران گرفتار حراست قانونی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ، القادر ٹرسٹ کیس میں طلبی کے نوٹس کا جواب نہیں دے رہے تھے، نیب

اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار ‘نیب پنڈی آفس منتقل ‘طبی معائنہ مکمل ‘پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل نیا میڈیکل بورڈقائم ‘پی ٹی آئی چیئرمین کو ریمانڈکیلئے آج احتساب عدالت میںپیش کیا جائےگا‘تفتیش کے لیے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل‘اسلام آبادہائی کورٹ کے بائیو میٹرک روم سےگرفتاری کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور وکلا میں ہاتھا پائی‘ کمرے کے شیشے ٹوٹ گئے‘عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور‘ کراچی ‘اسلام آباد اور پنڈی سمیت کئی شہروں میں چند مقامات پر احتجاج ‘ سڑکیں بلاک ‘ٹریفک جام ‘شہری پریشان ‘کئی علاقوں میں توڑ پھوڑ‘املاک نذرآتش ‘پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے ‘5پولیس اہلکاروں سمیت متعددافراد زخمی‘ آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال ‘ 2افراد ہلاک ‘درجنوں مظاہرین گرفتار‘ ریڈ زون سیل کردیاگیا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی اور ایم پی اے عدیل احمد کو بھی حراست میں لے لیاگیا‘پی ٹی آئی کراچی نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی‘ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پرپابندی عائد‘لاہور میں رینجرز ‘اسلام آبا د میں بھی دفعہ 144نافذکردی گئی‘ نیب اعلامیہ کے مطابق سابق وزیراعظم القادرٹرسٹ کیس میں طلبی نوٹس کا خاطرخواہ جواب نہیں دے رہے تھے ‘وارنٹ گرفتاری یکم مئی کو جاری ہوئے اور انہیں القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق قرار دے دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لیا تھا اور کیس پر فوری سماعت کی تھی۔عدالت نے رجسٹرار ہائی کورٹ کو ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا اور سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ رجسٹرار ہائیکورٹ انکوائری کرکے 16مئی تک رپورٹ جمع کرائیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو عمران خان مختلف کیسز میں ضمانت حاصل کرنے کیلئے وہیل چیئر پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں نیب راولپنڈی نے رینجرز کی مدد سے حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کے نیب کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور نیب حکام کے پاس ان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کیس میں بائیو میٹرک کے لیے موجود تھے۔اس دوران رینجرز اہلکار بائیومیٹرک روم کے شیشے توڑکر اندرداخل ہوئے اورپی ٹی آئی چیئرمین کو حراست میں لیا‘ ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی گرفتاری کے وقت پہلے سے تیاریاں تھیں اور ان کے لیے ایک ہفتہ قبل ہی کمرہ تیار کرایا گیا تھا۔ عمران خان کی گرفتاری کے وقت قانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکاروں اور وکلا کی ہاتھاپائی بھی ہوئی جس سے کئی پولیس اہلکار اور وکلا بھی زخمی ہوئے ۔ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کارکنان نے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے ، مشتعل کارکنان نے ٹائروں سمیت مختلف اشیاء کو نذر آتش کر کے شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ،مشتعل کارکنان نے میٹرو بس سروس کو روک کر توڑ پھوڑ شروع کردی ‘ کئی مقامات پر مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا گیا‘پولیس نے بھی مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ کی‘کارکنان کے پر تشدد احتجاج کے باعث مختلف مقامات پر کاروبار بند کر دئیے گئے۔ راولپنڈی میں مری روڈ پر کارکنوں نے احتجاج کیا جبکہ فیض آباد کے مقام پر راستے بند کردیے ۔کراچی میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے انصاف ہاؤس پر احتجاج کیا اور شارع فیصل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، مظاہرین نے پولیس وین بھی جلادی اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔پشاور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، کے پی اسمبلی پر پتھراؤ کیا۔کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پارٹی سیکرٹریٹ سےریلی نکالی، شرکا نے ائیرپورٹ روڈ کو دو مقامات پر روکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا۔بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں احتجاج کے دوران ایک شخص ہلاک اور چھ پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔نیب اعلامیے کے مطابق عمران خان کو القادر یونیورسٹی ٹرسٹ میں بدعنوانی کے جرم میں گرفتارکیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں نیب پنڈی آفس منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔ ان کا طبی معائنہ 7 رکنی ٹیم بورڈ نے کیا۔ عمران خان سے تفتیش کے لیے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر نیب راولپنڈی حیدر فاروق ہیں اور ٹیم کے دوسرے ارکان میں ڈائریکٹر نوید حیدر، تفتیشی افسر چوہدری اصغر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب ٹیم عمران خان سے القادر یونیورسٹی کی 490کنال اراضی کی الاٹمنٹ پرتفتیش کرے گی، تفتیشی ٹیم نے عمران خان سے تفتیش کے لیے سوالات تیار کررکھے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید