اسلام آباد (قاسم عباسی) عمران خان کا القادر یونیورسٹی کا معاملہ کیا ہے؟ عمران خان نے بزنس ٹائیکون کو فائدہ پہنچاکر سیکڑوں کنال اراضی کیسے حاصل کی؟
سابق وزیراعظم عمران خان نے 26 دسمبر 2019 کو رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کے چند ہفتوں میں القادر یونیورسٹی پروجیکٹ کے لیے ٹرسٹ رجسٹر کیا تھا جو بعد میں یونیورسٹی کے لیے ڈونر بن گیا۔
2 دسمبر 2019 کو ٹرسٹ کی رجسٹریشن سے تین ہفتے پہلے عمران خان کی کابینہ نے بزنس ٹائیکون اور فیملی کیس میں نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات (اے ایف اوز) اور فنڈز کی پاکستان واپسی سے متعلق معاملہ اٹھایا۔
نیشنل کرائم ایجنسی انگلینڈ نے رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کے سی ای او کے خلاف تحقیقات بند کر دیں اور اور بیرون ملک بزنس ٹائیکون کے اکاؤنٹ سے تقریباً 140 ملین پاؤنڈز پاکستان واپس بھیجے گئے۔ بعد ازاں تقریباً 140 ملین پونڈ پاکستان کو واپس بھیجے گئے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ رقم سپریم کورٹ کے نیشنل بینک آف پاکستان میں اکاؤنٹ میں گئی۔
اس نے سوال اٹھایا کہ کیا رقم سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل کی جانی تھی یا سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جانی تھی جیسا کہ بزنس ٹائیکون نے رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کراچی کیس میں جرمانے کے طور پر سپریم کورٹ کو 460 ارب روپے ادا کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔
اسلام آباد کے سب رجسٹرار آفس میں ٹرسٹ ڈیڈ کی رجسٹریشن کے اگلے ہی مہینے میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپر نے جہلم میں 460 کنال اراضی خریدی اور زمین زلفی بخاری کے نام منتقل کر دی۔ اسٹامپ ڈیوٹی کی مد میں اس وقت زمین کی قیمت 243 ملین روپے مقرر تھی۔
ٹرسٹ کی تشکیل کے بعد 22 جنوری 2021 کو زلفی بخاری نے یہ زمین ٹرسٹ کے نام منتقل کی۔ یہ 458 کنال اراضی موضع بکراالہ، تحصیل سوہاوہ، ضلع جہلم میں ذوالفقار عباس بخاری کے نام پر القادر کے متولی کے نام پر واقع ہے۔
24 مارچ 2021 کو زمین کے اس عطیہ کے ساتھ دیگر عطیات جیسے انفرا اسٹرکچر اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کی دیگر دفعات کو بشریٰ بی بی اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے ایک معاہدے کے ذریعے تسلیم کیا گیا جب عمران خان وزیر اعظم دفتر میں تھے۔
رئیل اسٹیٹ ڈویلپر نے معاہدے میں اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ مجوزہ القادر یونیورسٹی کے قیام اور اسے چلانے کے تمام اخراجات برداشت کرے گا اور یہ کہ وہ القادر پراجیکٹ کے قیام اور اسے چلانے کے لیے ٹرسٹ کو فنڈز/پیسہ فراہم کرے گا۔
جنوری 2021 سے دسمبر 2021 تک القادر ٹرسٹ کو 180 ملین روپے کے عطیات ملے۔ جولائی 2020 سے جون 2021 تک ٹرسٹ کی کل آمدنی بھی لاکھوں میں تھی جبکہ عملے اور کارکنوں کی تنخواہوں سمیت کل اخراجات صرف 8.58 ملین روپے کے لگ بھگ تھے۔
نیب نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچانے کے بدلے ایک رئیل اسٹیٹ ڈویلپر سے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے نام پر حال ہی میں عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر کے خلاف سینکڑوں کنال اراضی مبینہ طور پر حاصل کرنے کی اپنی انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا۔