• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران واحد وزیراعظم جسے کرپشن کے ثبوتوں کیساتھ پکڑا گیا، جاوید لطیف

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جسے کرپشن کے ثبوتوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار عادل شاہزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں جیلوں میں کیمرے تک لگوائے تھے،سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ موجودہ حکومت عدالتوں پر حملہ آور ہے، یہ عدالتوں کو بلارہے ہیں ہمارے سامنے حاضر ہوں،وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ ہم نیب قانون نہ بدلتے تو عمران خان کے ساتھ آج کیا ہورہا ہوتا، عمران خان کی گرفتاری پر پٹرول بم پھینکنے کی نوبت کیوں آئی، عمران خان سے وارنٹ کی تعمیل کروانے میں اتنی بڑی رکاوٹ کھڑی کردی جاتی تھی کہ آج انہیں اس طرح گرفتار کرنا پڑا، القادر ٹرسٹ کی 458کنال جگہ کی کوئی منی ٹریل نہیں ہے، عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جسے کرپشن کے ثبوتوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار عادل شاہزیب نے کہا کہ پراپرٹی ٹائیکون کے 190ملین پاؤنڈ والا معاملہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اس پراپرٹی ٹائیکون کے 190ملین پاؤنڈ ضبط کر کے حکومت پاکستان کو دیئے جو عمران خان نے واپس ملک صاحب کی جیب میں ڈال دیئے اور کابینہ کے کسی رکن کو نہیں بتایا ، اسد عمر نے بند لفافے کی تفصیلات پوچھیں تو شہزاد اکبر نے انہیں کہا یہ ایم آئی سکس سے ہمارا معاہدہ ہے۔ عادل شاہزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جس توہین آمیز اور تذلیل کے ساتھ گرفتاری کی گئی اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عمران خان نے اپنے دور میں جیلوں میں کیمرے تک لگوائے تھے، سابق وزیراعظم کے دور میں مخالفین کو اس حد تک سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا کہ ٹی وی پروگرامز کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈرز نہیں ملتے تھے کیونکہ سب جیلوں میں تھے۔ عادل شاہزیب نے کہا کہ آج ملک ایمرجنسی کے دہانے پر ہے وزیراعظم شہباز شریف لندن میں کیا کررہے ہیں، آرمڈ فورسز کے گھر اور کور کمانڈر ہاؤس تک پر حملے ہورہے ہیں مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری کہاں ہیں، عمران خان پچھلے کچھ عرصہ سے حاضر سروس فوجی افسران کے بارے میں جیسے بیانات دے رہے ہیں کیا اس کی مذمت نہیں کرنی چاہئے۔
اہم خبریں سے مزید