پشاور (وقائع نگار) محکمہ خوراک نے باسی اور ناغے کے دن گوشت کی فروخت پر 7افراد کو جیل منتقل کردیا اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ کمال احمد‘ فوڈ انسپکٹر شاہ فہد اور فوڈ گرینڈ سپروائزر طیب انور نے خیبر بازار اور شعبہ بازار میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ہوٹل مالکان کو گرانفروشی اور ناغے کے دن گوشت کی فروخت پر گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا جبکہ دوسری کارروائی میں لاہور سے لائے جانیوالے سری پائے کیلئے گائے کے سروں کا باسی گوشت تحویل میں لے کر مالک کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ ڈیلر برآمد شدہ گوشت کو پشاور میں قصابوں اور سری پائے تیار کرنیوالوں کو سپلائی کر رہا تھا۔راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے شہر میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔