پشاور(صباح نیوز)پشاور میں پہلی مرتبہ 80کلو آٹے کی بوری کی قیمت 15ہزار روپے تک پہنچ گئی ۔حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خوری میں ملوث آٹا ڈیلرزنے ایک ہی روز میں 80کلو آٹا کی بوری کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا مزید اضافہ کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے شہر میں نانبائیوں نے بھی 80گرام روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کردی ۔فقیر آباد اور رام پورہ گیٹ کے علاوہ سواتی پھاٹک اور دیگر علاقوں میں بھی آٹا کی دکانوں پر نئی قیمت کے ساتھ آٹا فروخت کرنے کی شکایات ہیں جبکہ بیشتر دکانوں میں آٹا سٹاک بھی ختم ہوگیا ہے۔ ادھر نوتھیہ، صدر، چوک یادگار ، قصہ خوانی ، ڈھکی نعل بندی ، شعبہ بازار ، سیمینا روڈ ، پیپل منڈی ،چارسدہ روڈ ، جی ٹی روڈ ، چارسدہ روڈ اور رنگ روڈ پر ٹرانسپورٹ اڈوں ، گنج گیٹ ، پھندو روڈ، کوہاٹی گیٹ،نشتر آباد اور گلبہار میں بھی نانبائیوں نے یکدم روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کر دی ہے ۔اس کے علاوہ20کلو آٹا کا تھیلا بھی مزید2سو روپے مہنگا کردیا ہے اور قیمت36سو روپے سے تجاوز کرگئی ہے ۔آٹا ڈیلرز کے مطابق طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں عارضی طور پرا ضافہ ہوا ہے ۔