• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کے خلاف عمران کا بیان گھٹیا ذہنیت کا ثبوت، 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کے خلاف مسلح افواج کے ترجمان کے بیان کی تائید وحمایت کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست، آئین، قانون اور قومی وقار کے خلاف منظم دہشت گردی اور ملک و ریاستی دشمنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور آئین وقانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کرکے ملوث عناصر کو عبرت کی مثال بنایاجائےجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے‘ عمران خان کی جنرل عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سواکچھ نہیں ‘انہیں جنرل سید عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں‘ شمشیر اعزاز اور حافظ قرآن ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے‘پوری قوم مسلح افواج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے‘عمران خان کا بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے‘سپریم کورٹ کے دہرے معیار نے انصاف کا جنازہ نکال دیاہے ‘عمران نیازی کو بچانے کرنے کیلئے عدلیہ آہنی دیوار بن چکی ہے ‘ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے عمران خان کو کرپشن میں این آر او دیدیا اور اپنے لاڈلے کی کرپشن کا تحفظ کر رہے ہیں‘حکومت آئین پر سختی سے عمل کرے گی، جو بھی نتائج ہوں سامنا کرے گی۔ جمعہ کو جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے‘یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے ‘سائفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں، یہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیان اعتراف ہے کہ 9مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہردلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کے سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گھٹیا گفتگو دہشت گردوں کی حمایت ہے۔علاوہ ازیں جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو دھاندلی اور جھرلو سے وزیراعظم بنایا گیا تھا، انہیں لانے والوں کا مقصد سب کو چور ڈاکو قرار دلوانا تھا، عمران نیازی کو10سال تک مسلط رکھنے کا منصوبہ تھا، پی ٹی آئی قیادت نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا، عمران نیازی کے خلاف مقدمات کو شجر ممنوعہ قرار دیا گیا ،اگر عمران خان خائن اور بددیانت نہیں ہے تو عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرے، دوہرے معیار سے انصاف کا جنازہ نکل گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید