• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے توہین عدالت کی نہ انہیں نااہل کیا جاسکتا ہے، مریم اورنگزیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ وزیراعظم کو نااہل نہیں کیا جاسکتا، آئین اور وزیراعظم کا یہ تماشا اب ختم ہونا چاہئے، وزیراعظم نے کوئی توہین عدالت نہیں کی،چیف جسٹس عمران خان پر احسان نہیں کررہے ان کی محبت میں مبتلا ہیں، چیف جسٹس فیملی کے دباؤ یا اپنے مفادات کیلئے ایسا کررہے ہیں، سپریم کورٹ کے باہر ہمارا احتجاج پرامن ہوگا ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹے گا،نو مئی سے بارہ مئی تک جو کچھ ہوا اس نے عمران خان کا چہرہ بے نقاب کردیا، عمران خان ایک فاشسٹ، فسادی اور فتنہ ہے جو ملک کو دیمک کی طرح کھارہا ہے، پچھلے چند دنوں میں جو کچھ ہوا یہ کوئی انہونی نہیں تسلسل ہے، عمران خان سے اپوزیشن سوال پوچھے تو سزائے موت کی کوٹھریوں میں بھیج دیئے جاتے تھے، عمران خان سے حکومت سوال پوچھے تو جلاؤ گھیراؤ شروع کردیتے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر عوام باہر نہیں نکلی، باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلح جتھوں کے ساتھ مختلف تنصیبات پر حملہ کیا گیا، ایمبولینسوں سے مریض باہر پھینک کر ایمبولینس جلانا عوامی ردعمل نہیں ہوتا، اسپتال جلانا اسکول جلانا کیا عوامی ردعمل ہے، عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ ، ٹیریان وائٹ اور 190ملین پاؤنڈ کیسوں میں بہت جان ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس و رینجرز اہلکار زخمی ہوئے ان پر پتھراؤ کیا گیا،پولیس ہر جگہ موجود تھی لیکن ذمہ داری کے ساتھ صبر و تحمل سے کام لیا، پارلیمنٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکانے والے کو ثاقب نثار نے صادق و امین کا سرٹیفکیٹ دیا، ہمارا مقصد عمران خان سے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو کیا چودہ ماہ انتظار کرتے، عمران خان پر نیب اور ایف آئی اے نے کیسز بنائے، عمران خان کی گرفتاری وزیراعظم شہباز شریف نے نہیں کی جیسا عمران خان کرتا تھا۔

اہم خبریں سے مزید