پشاور(لیڈی رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گزشتہ روز اندرون شہر تاریخی قصہ خوانی بازار کا اچانک دورہ کیا اور بازار میں بغیر پروٹوکول شہریوں اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر نگران صوبائی وزراء فضل الٰہی اور حامد شاہ بھی گورنر کے ہمراہ تھے، گورنر قصہ خوانی بازار دورہ کے دوران تاجروں اور عام شہریوں کیساتھ گھل مل گئے اور انکے درمیان کچھ وقت گزارا، گورنر کو اچانک بغیر پروٹوکول اپنے درمیان موجود دیکھ کر شہریوں اور تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا اور مختلف مسائل و مشکلات سے بھی گورنر کو آگاہ کیا، گورنر نے نماز مغرب بھی مسجد کرم شاہ قصہ خوانی بازار میں ادا کی، قصہ خوانی بازار کے دکانداروں نے گورنر کے دورہ کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر حاجی غلام علی پشاور شہر کے عوام کے درمیان ہر وقت موجود رہتے ہیں اور نہ صرف بذات خود مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرتے رہتے ہیں بلکہ عوام کو احساس بھی دلاتے ہیں کہ وہ انکی خوشی غم سمیت ہر لمحہ انکے ساتھ کھڑے ہیں جو نہ صرف انکی عوامی مقبولیت کی واضح دلیل ہے بلکہ انہوں نے گورنر کے منصب کی حیثیت سے ایک مثالی روایت بھی قائم کر دی ہے۔ اس موقع پر تاجروں، شہریوں سے ملاقات کے دوران گورنر نے کہا کہ انکی زندگی کا بیشتر حصہ عوام بالخصوص پشاور شہر کے عوام کی خدمت میں گزر گیا جس پر انہیں دلی سکون حاصل ہوتا ہے، پشاور شہر کے عوام کے ساتھ دلی محبت کا گہرا رشتہ ہے اور اس طرح پشاور کے مختلف علاقوں کے بغیر پروٹوکول دوروں کا مقصد بھی اسی محبت کا ایک سلسلہ ہے۔