پشاور(صباح نیوز)واٹر اینڈسینی ٹیشن کمپنی پشاور کے ملازمین کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر صفائی سے ہڑتال کے بعد پشاور شہر کے لئے ٹیوب ویل بھی بند کردیئے گئے اور تمام ٹیوب ویل آپریٹرز کو ٹیوب ویلز سے سرکٹ اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں پیر کے روز سے غیر معینہ مدت کیلئے ٹیوب ویلز بند ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ اس وقت ڈبلیو ایس ایس پی کے ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج پر ہیں اور صفائی ستھرائی کا سلسلہ گزشتہ ہفتے سے معطل ہے۔ اس سلسلے میں پشاور کے میئر دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا ۔ملازمین کے مطابق گزشتہ ماہ بھی عیدالفطر پر تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس پر نچلی سطح کے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ تاحال زیر التوا ہے جس پر ڈبلیو ایس ایس پی کے زیر انتظام تمام ٹیوب ویلز احتجاج کے طور پر بند کر دئیے گئے ہیں اور شہریوں کیلئے پانی کی سپلائی منقطع ہے تاہم شدید گرمی میں ٹیوب ویلوں کی بندش کے باعث گھروں سمیت مساجد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور لوگوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔پشاورکے شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ان پر آٹا ،گیس اور بجلی بند کی جاتی رہی ہے اور اب پانی بھی بند کر کے زندگی مشکل بنائی جارہی ہے ۔