• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج نے جس طرح مجھے پکڑا یہ ردعمل تو آنا تھا‘ عمران خان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کوحراست میں لینے پر حکومت کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ قوم پرامن احتجاج کیلئے تیار رہے ‘جس طرح مجھے پکڑا گیا‘ فوج مجھے پکڑ کر لے جا رہی ہے تو یہ ردعمل تو آنا تھا۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ مجھے منظم سازش نظر آئی ہے جس کے تحت سرکاری عمارات جلائی گئی ہیں، کور کمانڈر کا گھر جلایا گیا ہے، مجھے پتا چلا ہے کہ بندوقیں لے کر تخریب کاروں کو بیچ میں ڈالا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ویڈیو ثبوت ہیں کہ انہوں نے لوگوں کو اشتعال دلایا، میں چاہتا ہوں ایک آزادانہ انکوائری ہو، جج کبھی بھی فیصلہ نہیں کرسکتا جب تک دونوں طرف کو نہ سنے ۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت الیکٹرونک میڈیا میں یک طرفہ بیانیہ چل رہا ہے اور یہ سارے مافیا بیٹھا ہوا ہے، جنہوں نے فائدہ اٹھایا ۔

نمائندہ جنگ کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں ، خواتین اور کارکنوں کو حراست میں لینے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پوری قوم سے بھرپور پرامن احتجاج کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی ہے.

 ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ایجنسیاں سپریم کورٹ پر قبضہ کرنے کیلئے غنڈوں کی سہولت کاری میں مصروف ہیں،عمران خان نے زور دیا کہ اگر آئین اور سپریم کورٹ کو تباہ کر دیاگیا تو تصور پاکستان ہی دم توڑ دیگا۔

اہم خبریں سے مزید