کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم یگ (ن) ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ملکی تاریخ میںدیکھا سنا اور پڑھا تو یہ تھا کہ سیاسی لیڈر اور کارکن گھبراتے نہیں اور نظریئے کے لئے بہادری سے گرفتاریاں پیش کرتے ہیں، حوصلے سے قید وبند کا سامنا کرتے ہیں، بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے، مگر تاریخ میں پی ٹی آئی پہلی مرتبہ ایک ایسی انقلابی جماعت ہے جس کے لیڈر نے ڈر کے مارے ٹانگ پر پلستر چڑھانے، سر پر بالٹیاں رکھنے،ویل چیئرز پر بیٹھ جانے، اسپتالوں، کورٹ اور باتھ رومز میں چھپنے کی نئی تاریخ رقم کی۔بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں عوام کا سمندر ظاہر کرتا ہے کہ وہ ملک میں ایک نظام اور ایک انصاف چاہتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ قومی اداروں پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، 9مئی کے واقعات کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پی ٹی آئی غیر ملکی ایجنڈے پر گامزن ہے اور اس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور اور ترقی کی رفتار روکنا ہے۔جب بھی ملک میں ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے تو پی ٹی آئی اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے سازشوں میں مصروف ہوجاتی ہے۔ 9مئی کو جو ہوا وہ باقاعدہ پلاننگ کے تحت کیا گیا جس میں ملک دشمن عناصر بھی ملوث ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔