اسلام آباد (اے پی پی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیف جسٹس اور ججز کی مراعات کی تفصیلات طلب کرلی، پی اے سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تنخواہ 15لاکھ سے زائد،وزیراعظم کی 2لاکھ اور وزیر کی 3لاکھ سے زائد ہے، تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منگل کو پی اے سی کے چیئرمین نورعالم خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کے 11-2010 سے 21-2020 کے لازمی اخراجات کی تفصیلات پی اے سی کے ایجنڈے پر لائی گئیں ۔ چیئرمین پی اے سی نورعالم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر نہیں آئے ۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ ان کی عدم موجودگی میں ان کی گرانٹس کا جواب کون دے گا۔ نورعالم خان نے کہا کہ ہم آئین سے ماورا کوئی کام نہیں کریں گے ۔ سپریم کورٹ کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کو بلایا گیا تھا ۔ سپریم کورٹ کے 83 آڈٹ اعتراضات بنے تھے جن میں سے صرف 12 سیٹل ہوئے ہیں ۔