پشاور (جنگ نیوز)پشاور اور خیبر سے تعلق رکھنے والے سابق سیاسی قائدین کی قیادت میں قلعہ بالاحصار تک ریلیاں نکالی گئیں جس کا مقصد پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنا تھا ریلیوں میں سابق وموجودہ عہدیداروں، مقامی رہنماؤں، مکینوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکاءنے فرنٹیئر کور شمال کے سپاہیوں کی جانب سے ثابت قدمی اور صبر کا مظاہرہ کرنے پر اظہار تشکر اور تعریف کی۔ شرکاء نے 9 مئی کو دفاعی اداروں کی عمارتوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ جارحانہ کارروائیوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے اور انہیں سخت سزا دے۔ مقررین نے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قبائلی اضلاع میں قیام امن کے لئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ شرکاء نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کو قبائلی عوام کے لئے بے پناہ فخر اور پہچان کا ذریعہ قرار دیا۔