اسلام آباد (عمر چیمہ) معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین کی جانب سے تباہ کی گئی کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ ’’جناح ہاؤس‘‘ کی حکام نے جلد مرمت نہ کرانے فیصلہ کیا ہے جس سے یہ عمارت طویل عرصہ تک عوام کی آنکھ کا کانٹا بن جائے گی۔
ایک باخبر افسر کا کہنا تھا کہ یہ عمارت عوام کی آنکھ میں چبھتی رہے گی، یہ عمارت ایک ایسی یاد بنی رہے گی کہ عوام جانیں کہ پی ٹی آئی والوں نے یہ کیا کر دیا ہے۔ جس دن سے پی ٹی آئی والوں نے یہ عمارت برباد کی ہے اس وقت سے یہ جناح ہاؤس لاہور عوام کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور لوگ بڑی تعداد میں آ کر اس کا حشر دیکھ رہے ہیں۔
اسکول کے طلبہ کو بھی دعوت دی جا رہی ہے کہ آ کر عمارت کا جائزہ لیں۔ 9؍ مئی کو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جی ایچ کیو گیٹ سے دھاوا بولتے ہوئے اس عمارت کو تہس نہس کر دیا ۔
اس واقعے کے بعد نہ صرف فوج کی قیادت کی سوچ میں تبدیلی آئی بلکہ فوج کی صفوں میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اسی غم و غصے کا اظہار اس وقت نظر آیا جب آرمی چیف نے حال ہی میں پشاور کور کا دورہ کیا۔
ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ نوجوان افسران خصوصی طور پر ناراض نظر آئے، اور سب کا متفقہ پیغام تھا کہ کارروائی ہونا چاہئے۔ کچھ افسران نے اسے پاک فوج کیلئے گیارہ ستمبر کا حملہ قرار دیا۔ اسی طرح کے جذبات کوئٹہ میں بھی نظر آئے جہاں ڈی جی آئی ایس آئی دورے پر تھے۔
ایک باخبر افسر کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے فوج کو متحد کر دیا۔جناح ہاؤس کی توڑ پھوڑ نے فوج کی توہین کی عکاسی کی ہے۔
ایک ذریعے کے مطابق، کور کمانڈر کو بھی ہٹا دیا گیا ہے اور فی الحال انکوائری کا سامنا ہے۔