لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب حکومت نے 9مئی کے واقعات میں صوبائی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں 10جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں (جے آئی ٹیز) تشکیل دے دی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشنز کے مطابق تھانہ سرور روڈ میں درج ایف آئی آر 96/23کی تحقیقات کے لئے بنائی جانے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کا سربراہ ایڈیشنل ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن لاہور کامران عادل کو بنایا گیا ہے جبکہ دیگر ممبران میں ایس ایس پی آپریشن لاہور صہیب اشرف، ڈی ایس پی/ ایس پی(اے وی ایل ایس) لاہور رضا زاہد، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تیمور خان اور انسپکٹر پولیس انچارج انوسٹی گیشن تھانہ فیکٹری ایریا لاہور محمد سرور شامل ہیں۔