کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ سیگفریڈ ایکمین نے واجبات کی ادائیگی کے لیےانٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے حکام سے رابطہ کرلیا،انہوں نے اس حوالے سے اپنے قانونی ماہرین کو تمام دستاویزات دے دیں جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی تفصیلات شامل ہیں،اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھی اپنے ایک سال کے واجبات کی ادائیگی کے لئے قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میں واجبات کے حصول کے لیے جو کر سکتا ہوں کروں گا اور اس حوالے سے وکیلوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 2026 تک سیگفریڈ ایکمین کی خدمات حاصل کی تھیں اور انہیں معاوضے کی ادائیگی پاکستان اسپورٹس بورڈ کو کرنی تھی۔تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ تنازع کی وجہ سے سیگفریڈ ایکمین کو ادائیگیاں نہ کی گئیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس حوالے سے کئی بار پی ایس بی سے رابطہ کیا ہے،مگر انہیں اس بارے میں کوئی مثبت جواب نہ مل سکا۔