(شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں غیرمعروف کھیل سافٹ ٹینس کا ملکی سطح پر کوئی ٹورنامنٹ نہیں ہوتا لیکن اس کی ٹیم بناکر جنوبی کوریا بھیجنے کی تیاری ہورہی ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ سافٹ ٹینس کا سوائے یونین کلب جہاں سات آٹھ کھلاڑیوں کو نومولود کوچ کی زیرنگرانی ٹریننگ دی جاتی ہے، پورے پاکستان میں کوئی وجود نہیں۔ لیکن انجانے کھلاڑی سوشل میڈیا پر غیرملکی دورے کیلئے فنڈ اکٹھا کررہے ہیں۔ پاکستان سافٹ ٹینس ایسو سی ایشن کے زیراہتمام جنوبی کوریا میں آئندہ ماہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کیلئے دس سے بارہ افراد پر مشتمل ٹیم بنا کر انچیون بھیجنے کی تیاریاں یونین کلب کراچی میں جاری ہیں۔ سعد چوہدری نامی کھلاڑی سوشل میڈیا پر مسلسل شاہد آفریدی اور دیگر سے اس سلسلے میں مالی مدد کی اپیل کررہے ہیں، نمائندہ جنگ کے اس متعلق استفسار پر انہوں نے یہ کہہ کر حیران کر دیا کہ میں نے کسی نیشنل ایونٹس میں حصہ نہیں لیا،البتہ میری عالمی رینکنگ نمبر چار ہے۔ ہماری اپیل پر کوریا جانے کیلئے پیسے جمع ہوگئے ہیں، ایک امریکی کمپنی نے مدد کی ہے۔