کراچی(ا سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سیل کی جانب سےپاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کو منی لانڈرنگ کیس میں 25 مئی کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ ایف آئی اے کےڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرؤف شیخ کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ15اپریل 2013کوآپ کے گھر سے 3کروڑ روپے بینک عملے نے وصول کئے، بینک عملے کی جانب سے رقم پی ٹی آئی کے جناح ایونیو اسلام آباد برانچ میں ڈپازٹ کی گئی5مئی 2013کوایک کروڑ کے قریب رقم دوبارہ سے وصول کی گئی،مزید رقم پی ٹی آئی اکاونٹ میں بے نامی اکاونٹ سے ڈپازٹ کی گئی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے معلوم ہوتا ہے کہ آپ معاملے سے بخوبی واقف ہیں، لہذا 25مئی کو ایف آئی اے کے دفتر میں پہنچ کر تفتیش میں شامل ہوںاورا پنے ہمراہ 4 کروڑ روپے کے قریب رقم سے متعلق دستاویزی کاغذات بھی لیکر آئیں۔