• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاحت بند ہونے سے بحرین کالام کے عوام بے روزگار ہوگئے

پشاور (لیڈی رپورٹر)دریائے سوات کے بہاؤ میں اضافے کے ساتھ بحرین بازار میں ایک بار پھر پانی داخل ہوگیا۔ بحرین کالام روڈ پر آمد و رفت شدید متاثر ہوگئی۔ سیاحت بند ہونے سے بحرین، کالام کے عوام بے روزگار ہوگئے۔ دوکانیں اور ہوٹل بند ہونے سے لوگوں کا کروڑوں کا نقصان ہوا۔ دوسری طرف درال ندی کے پانی میں بھی اضافہ سے بحرین بازار کے نو تعمیر شدہ مرکزی پل کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ طغیانی کی صورت میں پل بہہ جانے اور بحرین بازار بند ہونے سے ایک بار پھر بحرین سے اوپر کے تمام علاقوں، کالام، اتروڑ، گبرال، مٹلتان، مہوڈنڈ جھیل کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔ حکومت چین کی نیند سوگئی، عوام بے یار و مددگار رہ گئے۔ مزید برآں بحرین کالام کے درمیان مختلف بلاکس پر کالام ہوٹل ایسوسی ایشن اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت کام شروع کیا ہےعوام نے حکومت سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ بحرین کالام روڈ خاص کر بحرین بازار کی بحالی پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے تا کہ علاقے کے لوگوں کا روزگار اور سیاحت بحال ہو۔
پشاور سے مزید