• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI، بڑے برج الٹنے لگے، شیریں مزاری، فیاض چوہان، جلیل شرقپوری، افتخار گیلانی، عبدالرزاق اور بلال غفار نے بھی پارٹی چھوڑ دی

اسلام آباد (ایجنسیاں)سانحہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف سے وابستہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری‘ بڑے برج الٹنے لگے ‘سینئرپی ٹی آئی رہنماء شیریں مزاری ‘ سابق رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان ‘میاں جلیل احمد شرقپوری‘ عبد الرزاق نیازی ‘ مخدوم افتخار گیلانی ‘رکن سندھ اسمبلی بلال غفار اور عمر عماری نے جنرل ہیڈ کوارٹرز‘ جناح ہاؤس ‘ پارلیمان اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کو خیر بادکہہ دیا۔

مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ‘ ان کے وکیل ملک ریاض کے مطابق دونوں رہنماء رہائی کے بعد باضابطہ اعلان کریں گے ۔

سابق صوبائی وزیراور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عمران نے فوجی عمارتوں پر حملے کی تربیت دی‘ زوم میٹنگ میں ترجمانوں کو متحرک کیا جاتا تھا کہ کیسے فوج اور باجوہ کیخلاف باتیں کرنی ہیں‘عمران خان نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرنے سے بھی منع کیا اور کہا کہ کوئی ہلکا نہیں پڑے گاجبکہ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میری 12دن کی قید کے دوران میری بیٹی نے بڑی پریشانی اٹھائی ‘اب بچے ‘والدہ اور صحت میری ترجیح ہیں ‘جلیل شرقپوری کے مطابق وہ پاک فوج کے ساتھ ہیں ‘عمران خان نے نوجوان نسل کو اکسایا ‘واضح رہے کہ سانحہ 9مئی کے بعد اب تک پی ٹی آئی کے26رہنماپارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شیریں مزاری نے جی ایچ کیو سمیت ریاستی علامتوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

 منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب میرے بچے ، والدہ اور میری صحت ترجیح ہے۔9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، مجھے اور میری بیٹی کو اس حوالے سے شدید رنج ہے۔

علاوہ ازیں سابق صوبائی وزیرفیاض چوہان نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست نہیں صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں۔

منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کے حصول کیلئے نفرت اور انتقام کی سیاست کو فروغ دیاحالانکہ انہیں کئی بار سمجھانے کی کوشش کی کہ ریاست اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ٹھیک نہیں‘عمران خان نے پی ٹی آئی کو خاکسار تحریک بنا دیا ہے

یکم مئی کی ریلی پریکٹس کے طور پر رکھی گئی کہ فوجی دفاتر کی طرف رخ کریں، 6 مئی کو عمران خان کے حکم پر کچہری چوک پر ریلی رکھی گئی۔ میرے علاوہ عمران خان کو کسی نے نہیں بتایا کہ سیاست میں تشدد نہیں ہوتا۔اسی وجہ سے پارٹی میں کھڈےلائن تھا اورمیرا زمان پارک اور بنی گالامیں داخلہ بند تھا۔

اہم خبریں سے مزید