لاہور(صابر شاہ)سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے دوسری صف میں اہم رہنما شیریں مزاری اور فیاض الحسن چوہان بھی پارٹی چھوڑنے والوں میں تازہ ترین اضافہ ہیں۔ 25؍اپریل 1996ء کو تحریک انصاف کے قیام کے بعد سے ان 27برسوں میں کئی رہنماؤں نے پارٹی چھوڑی یا منحرف ہوئے۔ تاہم حریف جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو بھی آزمائش کی گھڑیوں میں یکساں صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ جب ہوا ان کے خلاف چلی، گزشتہ چند دنوں میں تحریک انصاف سے علیحدہ ہونے والوں میں سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس، عامر کیانی، بلال غفار، سنجے گنگوائی،کریم گبول،ملک جواد حسین،جے پرکاش،بلوچستان کے وزیر معدنیات مبین ،میجرطاہر صادق اور بیٹی ایمان طاہر،ملک امین اسلم، ذوالفقار علی شاہ، آفتاب صدیقی، ڈاکٹر محمد امجد، ڈاکٹر عمران علی شاہ، فیض اللہ کاموکا عثمان ترہ کئی، دوست مزاری، چوہدری وجاہت حسین، محمود مولوی، ظہیر اللہ خان علی زئی، سجاد حسین چینا، مون ڈوگر، عبدالحق، ملک مجتبیٰ نیاز گشکوری اور سردار قیصر عباس خان وغیرہ شامل ہیں۔