• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا خواب جتھوں نے پورا کیا، 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کرنے والوں کیلئے کوئی معافی نہیں، شہباز شریف

اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کرنے والوں کیلئے کوئی معافی نہیں، جو خواب 1965 کی جنگ میں بھارت پورا نہ کرسکا، پی ٹی آئی کے جتھوں اور دہشت گردوں نے 9 مئی کو وہ خواب پورا کیا، سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا، اس طرح کے واقعات کا دوبارہ کبھی اعادہ نہیں ہونے دینگے، شہداء ہمارے ہیرو ،انکی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی، اپنی افواج کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگنے دیں گے،ذمے داروں کو کٹہرے میں لانا میرا فرض ہے ، ہم شہدا کے بچوں کو اربوں روپے کے قرضے دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو عظمت شہداء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تقریب کے دوران عظیم سپوتوں کے ورثا سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت قوم چین کی نیند سوتی ہے، کاروبار اور تعلیمی اداروں سمیت پورا ملک چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان شہداء کا ملک کے 23 کروڑ عوام احترام کرتے ہیں، شہداء کی عظمت تاقیامت قائم و دائم رہے گی، اس پر آنچ نہیں آئیگی۔

 انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں درندگی ہوئی، عمران خان کی گرفتاری سے پہلے بھی سینکڑوں گرفتاریاں ہوئی ہیں لیکن کسی نے گملا بھی نہیں توڑا، ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا، سابق دور حکومت میں بے بنیاد الزامات لگا کر اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا، ہم نے اس کو صبر اور حوصلے سے برداشت کیا، کسی نے حساس تنصیبات پر حملے کا نہیں سوچا۔

 انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو المناک ترین واقعہ ہوا، ایک کرپشن کے مقدمہ میں عمران خان کی گرفتاری ہوئی لیکن وہ اپنے جتھوں کو کئی ماہ پہلے سے یہ کہہ رہے تھے کہ ان کی گرفتاری کی صورت میں کہاں کہاں حملہ کرنا ہے، ساری قوم ان سے اس کا جواب مانگتی ہے کہ ان پر حملے کے جواب میں حساس تنصیبات پر حملہ کیوںکیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا، چند سال پہلے پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر نے پاکستان پر حملہ کرنے والے بھارتی ابھی نندن کا جہاز مار گرایا، یہ غازی ہمارے لئے قابل فخر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ماضی کے دور حکومت میں قومی اسمبلی میں ہمیں گالیاں دی گئیں، دشنام طرازی کی گئی، چور، ڈاکو کہا گیا، پھر بھی ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء اور غازیوں کی توہین کی گئی، حساس تنصیبات اور ریڈیو پاکستان پر حملہ کیا گیا جو کسی صورت بھی ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے فرض کی ادائیگی میں ایک لمحہ کوتاہی نہیں کرونگا اور نہ ہی کسی کی کوتاہی برداشت کروں گا، اگر اس المناک واقعہ کے بعد ذرا بھی تساہل سے کام لیا تو ہمیں اﷲ تعالیٰ اور عوام کی عدالت معافی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی کرنے، اکسانے اور حملہ کرنے والوں کیخلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، بے گناہوں کو نقصان نہیں پہنچے گا، آئین و قانون اپنا راستہ اپنائے گا، میں بھی کہوں گا تو کوئی سفارش نہیں مانی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید