پشاور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 10اپریل کے بعد ملک پر ایک پارٹی کا بوجھ اتار کر13پارٹیوں کا ڈال دیا گیا ، کتنی دیر تک مصنوعی آکسیجن سے نظام چلایا جائے گا، سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں، انہوں نے جو راستہ اپنایا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ ماضی سے سبق نہیں سیکھا گیا، حکومت اور اپو زیشن کوایک دفعہ پھر ڈائیلاگ کا مشورہ دیتا ہوں، ملک بچانا ہے تو الیکشن کی طرف جانا پڑے گا۔ 14 اگست کو پاکستان آزاد ہوا، عوام کو آنے والے یوم آزادی پر شفاف طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے۔ پشاور میں انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ جماعت اسلامی کسی طور پر بھی سیاست میں تشدد کے عنصر کی حمایت نہیں کرتی تاہم کسی بھی سیاسی جماعت کے بے گناہ کارکنان اور خصوصی طور پر خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن مناسب عمل نہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں مگر ہمارے معاشرے میں خواتین کی عزت واحترام کا بہر طور ایک کلچر ہے جس کی پاسداری ہونی چاہیے۔