• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر 100؍ برس کے ہوگئے

واشنگٹن (اے ایف پی) سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر آج 100؍ برس کے ہوگئے۔ امریکی سیاست میں کسنجر اور سفارت کاری دو ایسے الفاظ ہیں جنہیں ہم معنی کے طور پر لیا جاتا ہے۔ ایک طرف امریکی اشرافیہ کی جانب سے انہیں 100ویں جنم دن پر مبارکباد سے نوازا گیا تو دوسری طرف ان کے نقادوں کا کہنا ہے کہ کمیونسٹ چین کے ساتھ رابطہ کاری ہو یا پھر ویتنام جنگ کا انجام تحریر کرنے یا سوویت یونین مخالف آمروں کی مدد کرنے تک غیر معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے والے اس بے رحم جنگجو سفارت کار کو کبھی کسی احتساب کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران صدر رچرڈ نکسن اور جیرالڈ فورڈ کے قومی سلامتی کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اگرچہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق جرمنی سے تھا لیکن اب ان کی سوچ اور چال ڈھال میں جرمن خواص بالکل نظر نہیں آتے۔ ہنری کسنجر ابتدائی طور پر ایک علمی و ادبی شخصیت تھے اور ان کی فکری خصوصیات کا اعتراف ان کے کٹر نقاد بھی کرتے ہیں۔1970ء کی دہائی میں ایک غیر متوقع پلے بوائے کی حیثیت سے پہچانے جانے والے ہنری کسنجر اب نیویارک کے پارک ایونیو میں ایک اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔ وقت کے ساتھ انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات کی مدد سے کنسلٹنسی کا بڑا کاروبار کھڑا کیا ہے اور وقتاً فوقتاً امریکا کو خبردار کرتے رہتے ہیں کہ وہ چین کو سرد جنگ کے دور کا مخالف سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ بائیں بازو کی جماعتوں اور گروپس کی نفرت کا سامنا کرنے والے کسنجر کو حالیہ عرصہ کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی پسندیدگی نصیب ہوئی ہے، ہلیری کلنٹن نے وزارت خارجہ کا عہدہ مکمل کرنے کے بعد ایک موقع پر کہا تھا کہ کسنجر ایک دوست ہیں اور وہ ان کے مشورے پر غور کرتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید