• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں ن لیگ کی ریلیاں،مسلح افواج کے شہداء کو خراج عقیدت

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)مسلح افواج کے شہدا ءکو خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئےیکجہتی ریلیوں کا سلسلہ تیسرےدن بھی جاری رہا۔ تکریم شہدائے پاکستان کے حوالے سے ہفتہ کے روز مسلم لیگ( ن) کے زیر اہتمام الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں ۔ میونسپل لیبریونین کے زیر اہتمام نکالی گئی میونسپل کمپلیکس سے راولپنڈی پریس کلب تک گئی ،۔ قیادت مسلم لیگ( ن) راولپنڈی کے صدر سردار نسیم خان نے کی۔ ریلی میں سابق اراکین اسمبلی حاجی پرویز ،راجہ حنیف کے علاوہ راحت قدوسی ،جاوید مغل اور فخر وڑائچ سمیت یونین عہدیداروں ، میونسپل ملازمین ، لیگی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار نسیم نے کہا کہ آشہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے عمران خان کوایک فتنہ قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ پاک فوج پاکستانی قوم کی ریڈ لائن ہے اور قوم اپنے دفاع کی ریڈ لائن کسی شرپسند کو عبور نہیں کرنے دے گی۔ انہوں نے کہا ہےکہ بیرونی ہاتھوں میں کھیلنے والے عمران خان کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے۔ مسلم لیگ( ن) کے کارکنوں نے جھنڈا چیچی سے کچہری چوک تک بھی یکجہتی ریلی نکالی جس کی قیادت چوہدری چنگیز خان نے کی۔شرکا ءنے مطالبہ کیاہےکہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔
اسلام آباد سے مزید