کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے ترجمان بابر یوسفزئی اور پی سی سی کے چیئرمین بخت خلجی کی قیادت میں ہفتہ کو پا ک فوج کی حمایت میں ریلی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے ۔ مظاہرے کے شرکاء سے وزیراعلیٰ کے ترجمان بابر خان یوسفزئی ، پی سی سی کے چیئرمین بخت خلجی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم جوش و جذبہ سے یوم مذمت غدار پاکستان منارہی ہے ، عمران خان نے ملک دشمن ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پاکستان کے معصوم لوگوں کو ورغلایا اب ان سے لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں، پاکستانی عوام نے ان کا اصل چہرہ پہچان لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کی حفاظت کی ، 9 مئی کو ان کے یادگاروں کی بھی بے حرمتی کی گئی ، ملک کی سلامتی کے اداروں پر چڑھائی کرکے منصوبے کے تحت ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ، 9 مئی کو وہ کچھ کیا گیا جو گزشتہ 75 سال کے دوران ہمارا دشمن بھی نہیں کرسکا ، پوری قوم ان واقعات کی مذمت کررہی ہے اور پاک فوج سمیت اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔