کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو سلام پیش کیا ہے ، یوم تکبیر پر اپنے ایک پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ قوم کا اتحاد ہی اصل جوہری قوت ہے ، دشمن ہمیشہ فوج اور عوام کے ٹکراو کا خواہاں رہا ہے ، آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے، معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے، انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام پر نواز شریف سپر پاور کی دھمکیوں میں نہ آئے ، بے نظیر کو سیاسی اختلاف کے باوجود ایٹمی پروگرام کی تائید کرنے اور ذوالفقار علی بھٹو کو ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے، آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے۔ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالیٰ کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔ پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اس کے لئے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیراعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔ آج کی نوجوان نسل کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور حکومت میں سیاسی کشیدگی انتہاؤں پر تھی لیکن مادر وطن کے لئے انہوں نے سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ یہ ہے اس دن کی اصل اہمیت اور پیغام۔ جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے۔ میں ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔