اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ، حملے کسی کی ذاتی نہیں، قومی املاک پر کیے گئے۔ سیاسی کارکنان کے خلاف ملٹری کورٹس میں مقدمات کے حق میں ہیں نہ ہی کسی پارٹی پر پابندی کی حمایت کریں گے۔ امریکی لابی نے الیکشن کے لیے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا۔ ملک میں سیاسی مخالفت دشمنیوں میں تبدیل ہوگئی، ادارے، سیاست دان دست و گریبان ہیں، ججز میں تقسیم موجودہ پولرائزیشن کا سب سے خطرناک پہلو ہے۔ ادارے حلف کی پاسداری کریں اور غیرجانبداد ہوجائیں ، آنے والا کل اسلامی نظام کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا ملک میں لابیاں ہیں جو قومی کی بجائے عالمی ایجنڈے پر ذاتی مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں۔