• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے غداروں والا کام کیا، فوجی تنصیبات پر حملوں کی معافی نہیں، وفاقی وزراء

لاہور، سیالکوٹ، (نیوزایجنسیاں،نمائندہ جنگ) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ عمران نے غداروں والا کام کیا، فوجی تنصیبات پر حملوں کی معافی نہیں، ناکامی پر مذاکرات کا کہہ رہا ہے،اب یہ ماحول نہیں رہا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مزید لوگ بھی اسےچھوڑیں گے، جو مذاکراتی ٹیم بنائی ہےاس میں مزید نام دیں تاکہ اگریہ چھوڑ گئے تو اسکا متبادل تو ہوگا،فوج ہمارے لیے جانیں قربان کر رہی ہے ، شہداء ہمارے محسن ہیں

 وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ غنڈہ گردی کے بعد اب کہہ رہا ہے مذاکرات کریں، عمران خان نے جو کمیٹی بنائی ہے اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا ہے،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان چاہتے ہیں انہیں این آر او دیا جائے۔وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی چھوڑ کر جانے والے عمران خان کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے۔

سیالکوٹ میں جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نام نہاد سیاسی لیڈر منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہیں، عمران خان کو جس طرح مذمت کرنی چاہیے تھی نہیں کی، سیاستدانوں کو دفاع مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دفاع کے جذبےکو اقتدار کے بھوکے سیاستدان چیلنج کر رہے ہیں، نواز شریف نے جو کہا اس کی تائید کرتا ہوں، عمران خان اب دفاعی طور پر ملک کو کمزورکرنے کی کوشش کر رہا ہے۔قبل ازیں گزشتہ روز سیالکوٹ میںکالج کے نویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افواج ہمیں پرسکون زندگی فراہم کرنے کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں،شہداء ہمارے محسن،سانحہ 9مئی قابل مذمت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قومی زندگی میں اختلاف رائے کی بدترین متشدد شکل تھی جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس دوران ان اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ہماری حفاظت کرتے ہیں ہمارے شہدا ہمارے محسن ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔

جناح ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب مذاکرات کا وقت تھا تب ہم نے بات کی، پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے یہ بات طے ہو گئی تھی کہ ایک ہی روز پورے ملک میں انتخابات کرانے ہیں جو سب کا مطالبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی تو عمران خان نے کہا مذاکرات بند کر دو۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھا، ہم نے گالیاں کھا کر بھی مذاکرات کا ماحول پیدا کیا تو وہ آپ نے ناکام بنا دیا، اب یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات اور املاک پر حملہ، غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہو جائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں۔

 ادھر شیخوپورہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کو پہلے 60 ارب کی میگا کرپشن کا حساب دینا ہو گا، ملکی سیاست میں اب ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہمیشہ سیاسی لوگوں سے کیے جاتے ہیں۔

 رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے دہشت گردانہ فعل نے عمران خان کے ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے، 9 مئی کے واقعات کا حساب دینا ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید