• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈیو لیکس تحقیقات، سپریم کورٹ کے فیصلے پر قومی اسمبلی میں بحث متوقع

اسلام آباد (صالح ظافر) قومی اسمبلی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کی جانب سے عدلیہ سے متعلق آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے اعلیٰ اختیاراتی عدالتی کمیشن کی کارروائی روکنے اور نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر بحث کرے گی۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس کل (منگل کو) دوبارہ شروع ہو گا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی بھی شرکت کا امکان ہے۔

 اعلیٰ پارلیمانی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ارکان عدالت کے فیصلے کی مذمت اور نامنظوری کے لیے ایوان میں قرارداد لانے پر غور کر رہے ہیں۔ 

اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان بھی ایوان میں موجود ہوں گے جو اس معاملے میں حکومت کو قانونی مشاورت فراہم کریں گے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اس معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے اور کمیٹی وفاقی حکومت سے معاملے کی تحقیقات کے لیے مختلف ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا کہہ سکتی ہے جو اپنی رپورٹ متعلقہ کمیٹی کے ذریعہ طے شدہ وقت کے اندر پارلیمنٹ/کمیٹی کو پیش کرے گی۔

 ارکان عدالت کے فیصلے پر بھی بات کریں گے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کردار بھی جانچ پڑتال کی زد میں آئے گا جنہوں نے حکم نامہ تیار کیا اور اتفاق سے ان کے قریبی خاندان کے افراد کی آڈیو اس معاملے میں شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید