• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسیحی برادری کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ریلی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مسیحی برادری کے زیراہتمام سانحہ 9 مئی کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں ریلی ،ریلی کے شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی ،کی گئی۔ اتوار کو مسیحی برادری کی جانب سے بشپ آف چرچز آف پاکستان بلوچستان و سندھ ڈائس فریڈرک جان کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے میتھوڈسٹ چرچ سے عبدالستار ایدھی چوک تک ریلی نکالی گئی ، ریلی میں کوئٹہ کے مختلف گرجا گھروں سے پادریوں اور مسیحی برادری کے افراد نے شرکت کی جبکہ ریلی میں تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل اور کارکن بھی شریک ہوئے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل ، فادر فیڈرک ، شہزاد کندن ، انیتا عرفان ، سحر گل خلجی سمیت دیگر نے کہا کہ 9 مئی ملک کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جب پوری قوم کے سینے زخمی کردئیے گئے ۔ شہداء کی یادگاروں کی جس طرح بے حرمتی کی اور قومی تنصیبات کو شرپسندی کا نشانہ بنایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی مقررین نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری جان اور قوت ہے اسے نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں جن لوگوں نے ملک اور قوم کا وجود خطرے میں ڈالا ان کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی پشت پر کھڑے ہیں اور ملک کو کمزور بنانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ ملک کی اقلیتی برادری اس عزم کا اعادہ کررہی ہے کہ ملک کا ہر شہری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ریلی کے شرکا نے شمعیں بھی روشن کیں ۔
کوئٹہ سے مزید