کراچی( اسٹاف رپورٹر) حکومتی اجازت اور امداد کے بغیر جونیئر ایشیا کپ ہاکی میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم نے جونیئر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، پیر کو عمان میں جونیئر ایشیاء کپ میں پاکستان نے اپنے پول کے آخری میچ میں جاپان کو 3-2سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول 23ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر ارباز احمد نے کیا اس کے بعد 30ویں اور 39ویں منٹ میں عبدالوہاب نے دو گول کیے۔ وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ کپتان محمد عبد اللہ نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان میں ایونٹ میں چائینز تائی پے، تھائی لینڈ کو بھی شکست دی، جبکہ بھارت کے ساتھ مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا، پاکستان 31 مئی کو ملائیشیا سے سیمی فائنل میچ کھیلے گا۔ قومی ٹیم کے منیجر اور ہیڈ کوچ حنیف خان نے کہا ہے کہ ٹیم کی ایونٹ میں شان دار نظر آرہی ہے، امید ہے سیمی فائنل بھی جیتیں گے۔ دریں اثناء سابق کپتان اصلاح الدین، سمیع اللہ، حسن سردار، چیف سلیکٹر کلیم اللہ، قمر ضیاء، رشید الحسن، سلیم ناظم ، انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑی محمد علی خان نے ٹیم کی پر فار منس کو خوش آئند قرار دیا ہے، پی ایچ ایف کے سکریٹری سید حیدر حسین نے کہا ہے کہ ٹیم کا یہاں تک پہنچنا خوش گوار تبدیلی ہے۔