اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے کہا ہے کہ سب ادارے آئین کے تابع ہیں اور کوئی فرد واحد پاکستان کو کنٹرول نہیں کر سکتا، کسی کو آئین ری رائٹ کرنے کی اجازت نہیں دینگے.
وزیراعظم کا یہ منصب نہیں کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات دنیا کو پہنچائیں ، آئین میں تاحیات نااہلی کا ذکر نہیں، نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا گیا، گیلانی کیخلاف فیصلہ صریحاً خلاف قانون تھا، سپریم کورٹ کے حکم سے پنجاب حکومت گر گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان قادر کا کہنا تھا ہمیں آئین کو فوقیت دینی ہے، دنیا میں جہاں بھی جمہوریت ہے وہاں پر ادارے اپنے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرتے ہیں، آئین پاکستان میں لکھا ہے کہ حاکمیت صرف اللہ کی ہے، ہمیں آئین کی عزت و تکریم کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہرگز یہ منصب نہیں کہ سپریم کورٹ کے پیغامات دنیا کو پہنچائے، وزیراعظم کسی عدالت کو جوابدہ نہیں ہے، وہ بھی ایک وقت تھا جب پاکستان میں سیاسی انجینئرنگ ہوئی، یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کی حکومتوں کو عدالتوں نے گھر بھیج دیا۔
پانامہ کیس میں آئین و قانون کی خلاف ورزی کی گئی، آئین میں تاحیات نااہلی کا ذکر نہیں لیکن نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا گیا، آرٹیکل 62، 63 میں متعلقہ فورم کی نشاندہی کی گئی ہے۔