راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر فیصل خان نیازی سےمیانوالی بار کے سابق صدور سردار نصراللہ خان، ملک شبیر احمد اور عبدالستار خان نیازی نے ملاقات کی اور صدر بار کو میانوالی بار کے وکلاء کے مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی بار کے وکلاء اور سائلین کو ہائی کورٹ میں پیش ہونے کے لئے لاہور جانا پڑتا ہے جو بہت زیادہ مشکلات کا سبب بنتا ہے کیونکہ میانوالی سے لاہور کا راستہ کم وبیش چھ سے سات گھنٹے کا ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میانوالی سے دو سے ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ اس موقع پر فیصل خان نیازی نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ میانوالی بار کے تمام کیس راولپنڈی بینچ میں منتقل کئے جائیں تاکہ سائلین اور وکلاء دونوں کو پیش ہونے میں آسانی ہو ۔