پشاور( لیڈی رپورٹر) محکمہ خوراک نے ایران سے درآمد شدہ کیمیکل ملا زائد المعیاد خمیر کی مس لیبلنگ پر کارخانہ سیل کر کے مالک کو جیل بھیج دیا جبکہ چھ ہزار کلو سے زائد خمیر کو قبضے میں لے لیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ کمال احمد اور فوڈ انسپکٹر فخر عالم نے کوہاٹ روڈ مرشد آباد میں گودام پر چھاپہ مارا جہاں پر کیمیکل ملا زائد المعیاد خمیر پایا گیا جہاں پر کاریگر ایران سے درآمد شدہ کیمیکل ملا زائد المعیاد خمیر کی مس لیبلنگ کر کے اپنے برینڈ کی پیکنگ میں ایکسپائری کی توسیع کر کے پیکنگ کر رہے تھے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مالک کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا جبکہ چھ ہزار کلو سے زائد ایران سے درآمد شدہ کیمیکل ملا زائد المعیاد خمیر کو قبضے میں لے لیا۔ راشننگ کنٹرولر جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت کرنیوالوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے شہر میں جہاں کہیں بھی غیر معیاری اشیاء کی خرید و فروخت میں ملوث افراد محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پشاور بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کریں۔