• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھری ایم پی او، نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل، پی ٹی آئی ورکرز و سپورٹرز کو فوری رہا، گھروں تک پہنچانے کا حکم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا اور پی ٹی آئی کے تمام ورکرز و سپوٹرز کو فی کس 10 ہزار روپے مچلکوں کے عیوض رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اندرون سندھ جیلوں میں نظر بند شہریوں کو کراچی میں ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے، لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں وہ اندرون سندھ ملاقات کیلئے کیسے جائیں گے،حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو شہری ندیم کو میرپور خاص جیل میں رکھنے اور دیگر درخواستوں پر سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ندیم کو فوری طور پر رہا کیا جارہا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے کیا جیل سپرنٹنڈنٹ سے بات ہوگئی ہے ؟ ہمیں حلف نامے میں بتایا جائے کہ شہری آج ہی کراچی واپس آجائے گا، کیا پتا شہری کے پاس ریلیز ہونے کے بعد کراچی آنے کے پیسے بھی ہیں یا نہیں ، شہری کی واپسی کو یقینی بنایا جائے ایسا نہ ہو کہ کسی اور کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا جائے، اگر کسی اور کیس میں شہری مطلوب ہے تو آگاہ کیا جائے، اگر شہری ندیم اور سجاد کسی جرم میں مطلوب نہیں تو کیسے جیل میں بند رکھا گیا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دونوں شہریوں کا ایم پی او کے تحت جاری کیا گیا نوٹیفیکشن معطل ہوچکا ہے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ دونوں شہری پولیس کو مقدمے میں مطلوب ہیں، عدالت نے کہا کہ اگر کسی جرم میں مطلوب ہیں تو ایف آئی آر نمبر بتایا جائے، پولیس اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ ایف آئی آر نمبر بتانے میں ناکام رہے،تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر عدالت نے بڑا حکم جاری کرتے ہوئے نوٹیفکیشن معطل کردیا، عدالت نے سانگھڑ، میر پور خاص، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، سکھر اور دیگر جیلوں میں نظر بند کیئے شہریوں کو اگر کسی جرم میں پولیس کو مطلوب نہیں تو رہا کرنے اور دوسرے مقدمات میں گرفتار ملزمان کو بھی اندرون سندھ کی جیلوں سے واپس کراچی جیل منتقل کرنے کا حکم دیا اور ریمارکس دیئے کہ جن شہریوں کا نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا وہ دیگر مقدمات میں ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں،عدالت نے سکھر جیل میں نظر بند خاتون مونا کو پولیس کی حفاظت میں واپس کراچی منتقل کرنے کا حکم دیدیا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد ڈیرو نے کہا کہ خاتون کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور محکمہ داخلہ سندھ نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی، عدالت نے درخواستوں کی سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید