ملتان (سٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیر اہتمام پارا چنار کے علاقے تری منگل میں شہید ہونے والے اساتذہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی، شہداکے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے قائم مقام صدر مرزا وجاہت علی نے کی، مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے شرکت کی، مظاہرین نے دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، اس موقع پررہنماؤں نے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ ابھی تک شہدا کے قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کیے جا رہے ہیں، اس ملک میں قاتل دندناتے پھر رہے ہیں جب کہ بے گناہ لوگ غائب کر دیے جاتے ہیں، اس موقع پر غلام حسنین انصاری، محمد رضا مومن، سبطین حیدر اور دیگر موجود تھے۔