• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف سے رواں ماہ حتمی معاہدہ، تمام شرائط پوری کردیں، مذاکرات ناکام ہوئے تو اپنی کمر کس لیں گے اور کھڑے ہونگے، شہباز شریف

اسلام آباد (ایجنسیاں،جنگ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے رواں ماہ آئی ایم ایف سے حتمی معاہدہ ہو جائیگا، عالمی مالیاتی ادارے کی تمام شرائط پوری کر دیں، مذاکرات ناکام ہوئے تو ہم اپنی کمر کس لینگے اور کھڑے ہونگے، معاشی چیلنجز کے باوجود بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے بڑے اقدامات کرینگے، آئندہ بجٹ کا محور ترقی اور عوامی فلاح و بہبود ہو گی، 1100 ارب کا وفاقی ترقیاتی پروگرام معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا، شرح نمو اور روزگار کے موقع بڑھانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700 سے بڑھا کر 900 ارب روپے کیا جارہا ہے، عوام کی بہتری کیلئے سستے اور معیاری منصوبے بنائے جائیں، عمران نیازی عالمی میڈیا کیساتھ انٹرویوز میں کھلے عام غلط بیانی کر رہے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے انکا بیان گمراہ کن ہے،ان کا مقصد پاکستان پر دباؤ ڈالنا ہے۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، مشاورت جاری ہے، عوام کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام شعبوں میں بچت پالیسی اپنائینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے بجٹ میں پسے طبقے کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا ۔اجلاس میں آئندہ مالی سال 2023-24 کی بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا، شرکاء کو وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ترقیاتی بجٹ پر بریفنگ دی گئی، ارکان اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق بھی غور کیا گیا۔شہباز شریف نے متعلقہ محکموں کو عوامی فلاح کے جاری منصوبے فوری مکمل کرنے اور معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے تشکیل دینے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے بجٹ میں پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ترجیحات کا تعین کرنا ضروری ہے، عوام کی بہتری کیلئے سستے اور معیاری منصوبے بنائے جائیں، گیارہ سو ارب کا وفاقی ترقیاتی پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ کا محور ترقی، عوامی فلاح اور کاروبار دوست پالیسیاں ہونگی۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا، بجٹ میں مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنا رہے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم رکھی جا رہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عمران نیازی بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز میں کھلے عام غلط بیانی کررہا ہے۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اس کا بیان گمراہ کن ہے، اس کا مقصد پاکستان پردباؤ ڈالنا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش کوبرداشت نہیں کریگا،9 مئی کے مجرموں کیخلاف کریک ڈاؤن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں عمران نیازی جعلی خبروں اورغلط معلومات کے ذریعے کھلے عام غلط بیانی کررہا ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق کو سلب کرنے کے حوالے سے اس کا بیان گمراہ کن ہے جس کا مقصدملک سے باہررائے عامہ گمراہ کرنا اور ملک پر دباؤ ڈالنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید