• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جلتی ہوئی ایمرجنسی، شدید گرمی اور پاکستان میں صحت کا حق‘‘

اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ’جلتی ہوئی ایمرجنسی، شدید گرمی اور پاکستان میں صحت کا حق‘ کے عنوان سے جاری کی گئی رپورٹ میں پاکستان میں لوگوں کی زندگیوں، صحت اور ذرائع معاش کے حق پر شدید گرمی کے پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں دنیا کے چند گرم ترین شہروں میں غربت میں رہنے والے لوگوں کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ پاکستان موسمیاتی بحران سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، آب و ہوا سے متعلق ناانصافی واضح طور پر نظر آتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستانی عوام کے بہت کم کردار کے باوجود اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ یہ نتائج جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل جنوبی ایشیا کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے کے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی توجہ اور اقدامات کی ضرورت ہے، امیر ممالک کو اپنے اہم کردار کے بارے میں کوئی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری رپورٹ انتہائی درجہ حرارت کا سامنا کرنے والے پسماندہ ترین لوگوں کے لیے ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی کا کام کرے گی، انہیں سخت حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جب کہ سخت درجہ حرارت ہر سال بڑھتا جا رہا ہے اور ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے وقت گزرنے دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید تاخیر کیے بغیر امیر ممالک کو کاربن کے اخراج کو کم کرنے، فوسل فیول کو تیزی سے ختم کرنے اور لوگوں کی مدد کے لیے کاپ 27 میں قائم ’لاس اینڈ ڈیمیج‘ فنڈ کو تیزی سے متحرک کرنے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کن عزم کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ رپورٹ میں پاکستانی حکومت سے انسانی حقوق کے قانون اور معیارات کے مطابق جامع ہیٹ ایکشن پلان تیار کرنے اور ان گروپوں کے حقوق کی حفاظت کو یقینی بنانے کا بھی کہا جو خاص طور پر شدید گرمی کے صحت پر پڑنے والے اثرات کا شکار ہیں۔ یہ رپورٹ پاکستانی شہروں جیکب آباد اور لاہور میں 2021 اور 2022 کے موسم گرما کے مہینوں میں شدید گرمی کے منفی اثرات کا سامنا کرنے والے 45 افراد کے ذاتی انٹرویوز پر مبنی ہے۔ جیکب آباد کرہ ارض کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے جہاں جون 2021 میں اس کا سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید