پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر 21افراد کو گرفتار کر کے مراسلے متعلقہ تھانے میں جمع کرادیئے۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے حیات آباد کے ابراہیمی مارکیٹ‘ شیر شاہ مارکیٹ‘ زنگل مارکیٹ‘ بنگش مارکیٹ‘ نوتھیہ اور ہشت نگری پھاٹک میں فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں چیکنگ کی جبکہ نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ کم وزن روٹی فروخت کرنے اور دودھ میں ملاوٹ کرنے سمیت سرکاری نرخناموں سے تجاوز کرنے پر 21 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ گرانفروشوں کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔